پی آئی اے کے مزید دو طیارے فنی خرابی کا شکار

کراچی …پی آئی اے کے مزید دو طیارے فنی خرابی کا شکار ہوگئے ہیں، اس طرح قومی ایئر لائن پی ائی اے کے 14 طیارے پرزہ جات کی عدم فراہمی اور فنی خرابی کے باعث آپریشن سے باہر ہوگئے ہیں، فاضل پرزوں کی فراہمی کیلئے 700ملین ڈالر کی کریڈٹ لائن کے معاہدے کا قومی ایئر لائن کوئی فائدہ نہین اٹھا سکی۔ آپریشن سے باہر ہونے والے طیاروں میں تین بوئنگ747، دو بوئنگ 777، پانچ ایئر بس اے 310، دو بوئنگ 737 اور دو اے ٹی آر طیارے شامل ہیں۔ طیاروں کی کمی کے باعث قومی ایئر لائن کی کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ اسلام آباد سے لاہو رکی پرواز پی کے 653 اور لاہور سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 654 منسوخ کردی گئیں۔ اسلام آباد کراچی پرواز پی کے 369 کی پانچ گھنٹے تاخیر سے رات آٹھ بجے روانگی متوقع ہے۔ کراچی سے ڈھاکہ کی پرواز پی کے 266 اور ڈھاکہ سے کراچی کی پرواز پی کے 267 ساڑھے چار گھنٹے تاخیر سے ڈیڑھ بجے روانگی متوقع ہے۔ ابوظہبی سے لاہور کی پرواز پی کے 264 کی نو گھنٹے تاخیر سے دوپہر ایک بجے آمد متوقع ہے۔ لاہور سے کراچی کی پرواز پی کے 303 کی روانگی ڈھائی گھنٹے تاخیر سے ڈیڑھ بجے متوقع ہے، کراچی سے تربت کوئٹہ پرواز پی کے 511 بھی تاخیر کا شکار رہی کراچی سے موہنجو دڑو سکھر کی پرواز پی کے 538 ایک گھنٹے تاخیر سے شام چھ بجے روانگی متوقع ہے۔

Post a Comment

0 Comments