فرانس کا تجارتی بائیکاٹ کرتے ہوئے سفیر کو ملک بدر کیا جائے، امیر حمزہ


لاہور (نمائندہ جرار) جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما اور چیئرمین تحریک حرمت رسولﷺ مولانا امیر حمزہ نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف مال روڈ لاہور پر منعقدہ جماعت اسلامی کے ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ فرانس کا تجارتی بائیکاٹ کرتے ہوئے اس کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتہ مال روڈ پر منعقدہ جماعت اسلامی کے ملین مارچ سے مولانا امیر حمزہ نے حرمت رسولؐ کے موضوع پر پرجوش خطاب کیا۔ مولانا امیر حمزہ جب خطاب کے لئے سٹیج پر تشریف لائے تو ان کے خطاب سے قبل خصوصی طور پر جماعت اسلامی کا مخصوص ترانہ بھی چلایا گیا۔ جب مولانا امیر حمزہ نے اپنے روایتی انداز میں پرجوش خطاب کا آغاز کیا تو لوگوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔

ملین مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد میاں محمد شریف نے ان کا نام محمد نواز شریف اس لئے رکھا تھا کہ جب کبھی حرمت رسولؐ کا معاملہ آئے تو وہ حقیقی شیر بنتے ہوئے گستاخوں کو للکاریں اور حرمت رسولؐ کا دفاع کریں۔ آج فرانس میں نبیؐ کی شان اقدس میں گستاخی کرنے والوں کی حمایت میں 40 کفار ملک اکٹھے ہوئے ہیں تو وزیراعظم محمد نواز شریف کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ 57 مسلمان ملکوں کو اکٹھا کریں اور ان کا اجلاس بلائیں۔ فرانس کے سفیر کو اس گستاخی پر ملک بدر کیا جائے اور فرانس سے ہر قسم کی تجارت کا بائیکاٹ کیا جائے۔ اس موقع پر مولانا امیر حمزہ نے سٹیج پر بیٹھے مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک پرویز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم محمد نواز شریف کو اس قائدانہ کردار کے لئے قائل کریں۔

اس موقع پر انہوں نے جماعت اسلامی کو ملین مارچ منعقد کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید مودودیؒ کے روحانی بیٹے اور بیٹیاں آج حرمت رسولؐ کے دفاع کے لئے مال روڈ پر آئے ہیں اور انہوں نے سرخ دل بنا کر اس میں لفظ محمدؐ لکھ کر جس طرح اپنے سینوں سے چمٹایا ہوا ہے وہ اس بات کی دلیل ہے کہ وہ اپنے خون سے بھی حرمت رسول کا دفاع کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ مولانا امیر حمزہ نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے سورۂ کوثر میں نبیؐ کے دشمنوں کے برباد ہونے کا وعدہ کیا ہے۔ ان شاء اللہ۔ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر فرانس دنیا کے نقشے سے مٹ جائے گا۔ آخر میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ملین مارچ میں شرکت اور خطاب پر مولانا امیر حمزہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

Post a Comment

0 Comments