دلی کے حیدرآباد ہاؤس میں باہمی مذاکرات سے قبل بھارت کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا ہے کہ بھارت ایک پرامن، کامیاب اور مستحکم پاکستان دیکھنا چاہتا ہے جبکہ پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ وہ کھلے اور ’مثبت ذہن‘ کے ساتھ دلی آئی ہیں۔
دونوں وزرا خارجہ کے درمیان ’کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل‘ پر بات چیت جاری ہے جس کے اختتام پر اعتماد کو فروغ دینے والے کچھ اقدامات کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ بات چیت کے بعد دونوں رہنماء مشترکہ پریس کانفرس سے خطاب کریں گے یا نہیں۔ گزشتہ برس جولائی میں اسلام آباد میں پاکستان بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں کافی تلخی پیدا ہوگئی تھی۔اس وقت شاہ محمود قریشی پاکستان کے وزیر خارجہ تھے
بھارتی سرکاری ذرائع کے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں کے مطابق دونوں ملک عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے حق میں ہیں اور اس کے لیے لائن آف کنٹرول کے راستے تجارت کو فروغ دینے اور دونوں شہریوں کے لیے ویزا کا نظام نرم کے بارے میں کچھ اعلانات کیے جاسکتے ہیں۔
بات چیت کے آغاز سے قبل ایس ایم کرشنا نے کہا کہ بھارت ہمسایہ ملک کے ساتھ ایسے تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے جس میں دونوں ملک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔
وزرائے خارجہ کی ملاقات سے قبل منگل کو دونوں ملکوں کے خارجہ سیکریٹریوں نے بات چیت کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی تھی اور بتایا جاتا ہے کہ مذاکرات اسی خاکے کے دائرے میں کیے جائیں گے اور ’قیام امن کے عمل کو مرحلہ وار انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔‘
ذرائع کے مطابق کشمیر کے مسئلے اور پاکستان کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے سوال پر بھی بات چیت ہوگی لیکن اسے دوسرے شعبوں میں ممکنہ پیش رفت سے نہیں جوڑا جائے گا۔
پاکستان کی وزیر خارجہ نے منگل کی دوپہر دلی پہنچنے پر کہا تھا کہ دونوں ملکوں کو تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے لیکن اس کے بوجھ تلے دبنا نہیں چاہیے۔
اس سے پہلے دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان گزشتہ برس جولائی میں اسلام آباد میں ملاقات ہوئی تھی لیکن بات چیت کے بعد پریس کانفرسن میں کافی تلخی پیدا ہوگئی تھی۔ اس وقت شاہ محمود قریشی پاکستان کے وزیر خارجہ تھے۔
http://www.bbc.co.uk/urdu/india/2011/07/110727_pak_india_fm_meeting_ra.shtml
مذاکرات کا موجودہ دور گزشتہ مارچ سے شروع ہوا تھا اور دونوں ملکوں نے تمام تنازعات پر بات کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ دونوں وزرا خارجہ بات چیت میں اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لے رہے ہیں۔
0 Comments
Need Your Precious Comments.